Top Rated Posts ....
Search

WhatsApp ban in Russia, WhatsApp's strong reaction has come to light.

Posted By: Akram on 2 hours agoCategory: Political Videos, News


امریکی کمپنی ’میٹا‘ کی میسجنگ ایپ ’واٹس ایپ‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی حکام نے ملک میں اس کی سروسز کو مکمل طور پر بلاک کرنے کی کوشش کی ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ میٹا روسی قوانین پر عمل کرنا شروع کردے تو اس کے ساتھ بات چیت ممکن ہے۔ واٹس ایپ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ روسی حکام ملک میں واٹس ایپ تک رسائی مکمل طور پر بند کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ پیش رفت یوکرین جنگ کے بعد روس اور غیر ملکی ٹیک کمپنیوں کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران سامنے آئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق جمعرات کو روس میں واٹس ایپ سروسز متاثر ہونے کی وجہ سے مقامی صارفین کو ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) استعمال کرنا پڑا۔ واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے روس میں 10 کروڑ سے زائد افراد کی نجی اور محفوظ رابطے کی سہولت متاثر ہو سکتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ روس صارفین کو نجی اور محفوظ مواصلاتی سہولت سے محروم کرنا چاہتا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روس اور میٹا کے درمیان تنازع فروری 2022 میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد شدت اختیار کر گیا تھا۔ روس کے مواصلاتی نگرانی کے ادارے نے اگست میں واٹس ایپ اور دیگر میسنجر سروسز پر پابندیاں عائد کی تھیں، جس کے بعد ان پلیٹ فارمز پر کال کی سروسز محدود کر دی گئی تھیں۔ ادارے نے الزام عائد کیا تھا کہ غیر ملکی پلیٹ فارمز فراڈ اور دہشت گردی کے مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معلومات شیئر نہیں کر رہے۔ دسمبر میں روسی حکام نے واٹس ایپ پر مرحلہ وار مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا اور الزام عائد کیا کہ واٹس ایپ روسی قانون کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے اور اسے ملک میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی، بھرتی اور فراڈ جیسے جرائم کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ جس کے بعد کئی روسی صارفین واٹس ایپ تک رسائی کے لیے وی پی این استعمال کر رہے ہیں یا متبادل میسنجر ایپس کی طرف منتقل ہو گئے ہیں۔ ٹیلی گرام سمیت بعض دیگر پلیٹ فارمز کو بھی حکومتی دباؤ کا سامنا ہے۔ اس معاملے پر کریملن کے ترجمان نے روسی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ واٹس ایپ کی روس میں واپسی روسی قوانین کی پاسداری پر منحصر ہے۔ ان کا کہنا تھا اگر ’میٹا‘ روسی قانون پر عمل کرے اور حکام کے ساتھ بات چیت کرے تو اس کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے۔ واضح رہے کہ روس پہلے ہی اسنیپ چیٹ، فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی محدود یا بلاک کر چکا ہے۔ روسی حکام نے غیر ملکی سروسز کے متبادل کے طور پر ریاستی سرپرستی میں تیار کردہ میسجنگ ایپ ’میکس‘ کو متعارف کرایا ہے اور اسے تیزی سے فروغ دیا جارہا ہے۔ روسی حکام کا دعویٰ ہے کہ ’میکس‘ کی مدد سے مختلف سرکاری خدمات ایک پلیٹ فارم پر دستیاب ہوتی ہیں اور اس کا مقصد شہریوں کی روزمرہ زندگی کو آسان بنانا ہے۔

Comments...
Advertisement


Follow on Twitter

Popular Posts
Frenemies for a hot minute

Frenemies for a hot minute

Views 53 | 05-02-2026
Your feedback is important for us, contact us for any queries.